80

پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اورفائنل بھی خالی اسٹیڈیمزمیں کرانے کافیصلہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں ہونے والے بقیہ میچز بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آج اور ہفتے کو ہونے والے میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں تماشائی نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتِ پنجاب کی سفارش پر پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز بھی بند اسٹیڈیم میں منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ ایونٹ میں شریک افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تین میچز 15، 17 اور 18 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 15مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ہوگا۔

بورڈ کے مطابق لاہور کے میچوں کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز سے ہوگی جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں